علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے باوجود حکمران الیکشن میں شکست کھائیں گے، ٹویٹ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سپریم کورٹ کی جانب سے انتخابات کے حوالے سے سنائے جانے والے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں قرار داد منظور کیے جانے پر حکومت پر برس پڑے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب پوری طرح سے واضح ہو چکا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (PDM) ہر حال میں انتخابات سے فرار ہی چاہتی ہے۔
سابق وزیراعظم نے لکھا کہ یہ سپریم کورٹ کے حوالے سے ایک غیر آئینی قانون لیکر آئے اور انہوں نےعدلیہ کیخلاف قومی اسمبلی سے ایک قرارداد منظور کی۔
عمران خان نے لکھا کہ اب انتخابات کو التواء میں ڈالنےکی کوشش کرنے اور سکیورٹی کو ایک جواز کے طور پر استعمال کرنے کیلئے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سرکار کا یہ اقدام مسلح افواج کو عدلیہ ہی نہیں بلکہ براہِ راست قوم کے سامنے لاکھڑا کرے گا۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں پی ٹی آئی چیئر مین نے لکھا کہ آج پاکستان میں مکمل جنگل کا قانون رائج ہے۔ پی ڈی ایم اور ہینڈلرز کا نکاتی ایجنڈا ہے – وہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور قیادت کے خلاف کارروائیاں کریں۔